26 ستمبر 2024 - 07:00
ترقی کے لئے ہمیں خطے میں امن کی ضرورت ہے، صدر پزشکیان

صدر اسلامی جمہوریہ ایران نے کویت کے ولی عہد سے ملاقات میں ترقی اور پیشرفت کے لئے علاقے میں امن کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق،  صدر اسلامی جمہوریہ ایران، ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے بدھ کو نیویارک میں کویت کے ولی عہد صباح خالد الحمد الصباح سے ملاقات میں باہمی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ 

انھوں نے کہا کہ ہم کویت کو دوست اور برادر ملک سمجھتے ہیں اور اس کے ساتھ تعلقات کا فروغ ہماری خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ 

صدر ایران نے خطے کے ممالک کی ترقی کے لئے علاقے میں امن و سلامتی کی ضرورت پر زور دیا۔

ڈاکٹر پزشکیان نے غاصب صہیونی ریاست کے جارحانہ اقدامات اور غزہ نیز لبنان کے خلاف اس کی وحشیانہ جارحیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی ملکوں کو ان جرائم کی روک تھام کے لئے متحد ہوجانا چاہئے۔

کویت کے ولی عہد صباح خالد الحمد الصباح نے بھی صدر ایران ڈاکٹر پزشکیان سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے باہمی تعلقات اور تعاون کے فروغ پر زور دیا۔

کویت کے ولی عہد نے اس موقع غزہ کے مظلوم عوام اور لبنان  کے خلاف غاصب صہیونی ریاست کے وحشیانہ حملوں کی مذمت کی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110